دہلی ١۸ نومبر ﴿ایجنسی /ایس او نیوز﴾کانگریس کے صدر راہل گاندھی رافیل ڈیل کو لے کر مسلسل وزیر اعظم مودی پر حملہ آور ہیں ۔ پانچ ریاستوں میں ہورہے اسمبلی انتخابات میں تشہیرکے دوران راہل گاندھی رافیل ڈیل کو خاص طور پر ایشو بنارہے ہیں۔ رافیل کو لے کر حملہ آور راہل گاندھی نے اب وزیر اعظم کو اس پر بحث کیلئے چیلنج کیا ہے۔
چھتیس گڑھ کے امبیکاپور میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس صدر نے وزیر اعظم کو بحث کیلئے چیلنج کیا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ میں مودی جی کو چیلنج کرتا ہوں کہ کہیں بھی ، کسی بھی جگہ ، کسی بھی ریاست میں میرے ساتھ اسٹیج پر آکر 15 منٹ کیلئے رافیل پر بحث کرلیں ۔ 15 منٹ مجھے بولنے دیں اور 15 منٹ مودی جی بولیں ۔ میں ایچ اے ایل کے بارے میں بولوں گا ، میں جو فرانس کے صدر نے بولا ہے ، اس کے بارے میں بولوں گا۔
راہل گاندھی نے کہا کہ میں بولوں گا کہ 526 کروڑ روپے کا ہوائی جہاز مودی جی نے 1600 کروڑ روپے میں خرید لیا۔ میں بولوں گا کہ انہوں نے کوئی بھی پروسیزر فالو نہیں کیا ۔ میں بولوں گا کہ وزیر دفاع نے واضح کیا ہے کہ یہ ڈیل میں نے نہیں وزیر اعظم جی نے کی ہے۔ میں بولوں گا کہ فرانس کے صدر نے واضح طور پر بتایا ہے کہ مودی جی نے بولا کہ کس کو کنٹریکٹ ملنا چاہئے۔